اسلام آباد : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ نو مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔ ایسے امرکو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کا پولیس لائنز آمد پر آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز، جوانوں اور پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی۔ اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہدا کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
Comments are closed.