آرمی چیف جو بھی آئے، ہمیں لگانے والوں سے مسئلہ ہے، فواد چودھری

موجودہ حکومت میں لوگ الیکٹ ہو کر نہیں نیلامی کے تحت آئے ہیں، عام طور پر نیلامی کے تحت آنے والی حکومتوں کو یہ فیصلے نہیں کرنا چاہئیں،عمران خان نے پہلے بھی بات کی لیکن ان لوگوں کے سر میں بھوسا بھرا ہوا ہے، دیکھ لیں اسحاق ڈار کا نیویارک میں پاکستانیوں نے کس طرح استقبال کیا ہے۔ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اسپیس دینا ہوگی، فواد چودھری

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہےکہ آرمی چیف جو بھی آئے اس کا مسئلہ نہیں، لگانے والوں سے  مسئلہ ہے، اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو استعفے  واپس ہوسکتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں لوگ الیکٹ ہو کر نہیں نیلامی کے تحت آئے ہیں، عام طور پر نیلامی کے تحت آنے والی حکومتوں کو یہ فیصلے نہیں کرنا چاہئیں۔

فواد چودھری نےکہا کہ اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو ان کی پارٹی کے استعفے واپس ہو سکتے ہیں، حکومت پہلے انتخابات کا اعلان کرے، پھر بیٹھ کر بات ہوگی، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بیٹھنے کے لیے 100 فیصد تیار ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے بھی بات کی لیکن ان لوگوں کے سر میں بھوسا بھرا ہوا ہے، دیکھ لیں اسحاق ڈار کا نیویارک میں پاکستانیوں نے کس طرح استقبال کیا ہے۔ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اسپیس دینا ہوگی، ابھی سروے آیا ہے کہ پورا پاکستان الیکشن چاہ رہا ہے، کیا لوگ اُن عدالتی فیصلوں کو صحیح سمجھتے ہیں جس کے تحت حال میں ہی لوگ بری ہوئے ہیں؟ یہ سب کچھ این آر او 2022 کے تحت رہا ہو رہے ہیں۔

Comments are closed.