متاثرہ عوام کو کھانا اور رہائش دیں گے، چند روز میں اندرون سندھ کا دورہ کروں گا:گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی کے متعدد علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی عدم فراہمی ہے اور کے الیکٹرک کے ایم ڈی کو اس حوالے سے طلب کیا جائے گا۔

بارش متاثرہ علاقوں کا دورہ

کامران ٹیسوری نے بتایا کہ آج بھی انہوں نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں سرجانی سمیت مختلف علاقوں میں گھروں میں پانی بھرا ہوا ہے اور لوگ چھتوں پر سونے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے فوری پانی کی نکاسی ضروری ہے، اور صرف موسمیاتی تبدیلی کو الزام دینا درست نہیں۔

سیاسی تنقید اور عوامی خدمت

گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے الزامات لگاتے ہیں لیکن عملی طور پر ٹکے کا کام نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آتش بازی ٹیکس کے پیسوں سے نہیں کی گئی۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ جن کے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں، ان تک خوراک پہنچائی جائے گی، جبکہ بے گھر ہونے والوں کے لیے رجسٹریشن کے بعد رہائش کا انتظام بھی فراہم کیا جائے گا۔

اندرون سندھ میں صورتحال سنگین

کامران ٹیسوری نے کہا کہ اندرون سندھ کے کئی علاقے بھی بارشوں سے شدید متاثر ہیں۔ حیدر آباد اور میرپور خاص میں بارش کا پانی جمع ہے اور بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں اندرون سندھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔

Comments are closed.