اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ ایران، عراق اور شام میں مقدسات کی زیارت سے متعلق پالیسی کا حتمی مسودہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
زیارت پالیسی کی تیاری کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایران عراق اور شام میں اہل بیت اطہار کے مزارات پر روانہ ہونے والے پاکستانی زائرین کو بہترسہولیات کی فراہمی کیلئے زیارت پالیسی کی تیاری کا عمل جاری ہے۔
جامع اور موثر پالیسی کی تیاری کیلئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیری مزاری، وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز علی زیدی ، وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن اور سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ پرمشتمل کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
خیال رہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی زیارت پالیسی کی تشکیل کیلئے اس سے قبل بھی متعدد اجلاس کر چکی ہے۔ آج کے اجلاس میں مشاورتی عمل مکمل کر نے کے بعد حتمی مسودہ ذیلی کمیٹی کے اراکین کو بھجوایا جائے گا جو بعد ازاں منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں زائرین کیلئے ویزوں کے اجرا، رہائش، سفری و طبعی سہولیات کیلئے متعلقہ ممالک سے معاہدات کئے جائیں گے جبکہ پاکستان میں براستہ سڑک سفری اور دیگر سہولیات سمیت مجموعی انتظامات کو مربوط کیا جائے گا۔
Comments are closed.