دنیاکے88 ممالک میں 1 لاکھ پاکستانی وطن واپسی کےخواہش مند ہیں،معید یوسف

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے 88 ممالک میں موجود ایک لاکھ پاکستانی موجودہ صورت حال کے باعث وطن واپس آنے کے خواہش مند ہیں۔ بہترین حکمت عملی سے کام کررہے ہیں، دو سے 10 مئی تک 30 مزید پروازیں شروع کررہے ہیں۔

معاون خصوصی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 88 ممالک میں پاکستانی موجود ہیں اوران میں بیشتر کو واپس آنا ہے، ایک لاکھ پاکستانی وطن واپس آنے کے خواہشمند ہیں، 38 ممالک سے 15 ہزار مسافروں کو واپس لاچکے ہیں، ہم خلیجی ممالک میں پھنسے مزدوراوردیہاڑی دار افراد کو واپس لارہے ہیں، سعودی عرب میں 15 ہزار سے زائد پاکستانی موجود ہیں۔

معید یوسف نے کہا کہ تارکین وطن کو شفاف طریقے سے واپس لایا جارہاہے، خصوصی پرواز چلانے کے لیے متعلقہ ملک کے سفیر سے رابطہ کیا جاتا ہے، متعلقہ ملک کے سفیر فیصلہ کرتے ہیں کہ کون خصوصی پرواز کے ذریعے جاسکتے ہیں، وطن واپس آنے والے خواہشمند پاکستانی متعلقہ سفارت خانے میں اپنا نام رجسٹر کروائیں۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے ہم بہترین حکمت عملی سے کام کر رہے ہیں، آج سے 10 مئی کے درمیان ہم 30 مزید پروازیں شروع کررہے ہیں، خصوصی پروازوں کےلیے مسافر ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

 معید یوسف نے کہا ہے کہ مسافروں کو واپسی کےلیے پروٹوکول پرعمل درآمد کرنا ہوگا، وطن واپس آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے، بہت سے ممالک ایسے ہیں جہاں پی آئی اے کو رسائی نہیں، امریکا کےلیے جلد پاکستانی خصوصی پرواز شروع ہوجائے گی۔

Comments are closed.