مشاہداللہ سے تلخ کلامی،معافی نہ مانگنے پرفواد چوہدری کو سینیٹ سے نکلنے کا حکم

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جانب مشاہد اللہ خان پر کی جانے والی تنقید پر معافی نہ مانگنے پر چیئرمین صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر کو ایوان سے نکلنے کا حکم دے دیا۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس  ہوا، جس میں مسلم لیگ(ن) کے مشاہد اللہ خان اور وفاقی وزیرفواد چوہدری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جو بڑھتے بڑھتے جھڑپ کی صورت اختیار کرگیا۔

سینیٹرمشاہد اللہ خان نے وفاقی وزیرسے الزامات ثابت نہ کرنے پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کیا تو فواد چوہدری اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے اور کہا کہ دیکھنا ہے کہ معافی کس سے مانگنی ہے، مشاہد اللہ نے پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا انہوں نے اپنے تین بھائیوں کو پی آئی اے میں بھرتی کرایا۔

سینیٹر مشاہد اللہ نے الزامات مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر سے الزامات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تو دونوں جانب سے ایک بار پھر لفظی گولہ باری شروع ہوگئی، چیئرمین سینیٹ نے فواد چوہدری کو ایوان سے باہر نکل جانے کا حکم دے دیا۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین سینیٹ کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بات جاری رکھی اورمائیک بند ہونے کے باوجود بولتے رہے تاہم بعدازاں انہوں نے مشاہد اللہ سے معذرت کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے انہیں بیٹھنے کی ہدایت کی، لیکن وفاقی وزیر مسلسل بولتے رہے اور مجبوراً چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کردیا۔

Comments are closed.