نوازشریف سیاسی نہیں اپنے ذاتی مستقبل کیلئےدعا کریں، فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات و نظریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی مستقبل تو اب نہیں ہے لیکن وہ ذاتی مستقبل کے لیے دعا کریں۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے جب بھی ریکارڈ مانگا گیا تومتعلقہ ادارے میں آگ لگ جاتی تھی، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جہاں جہاں آگ لگی وہاں تحقیقات کی جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ابھی اسکینڈلز  کھلیں گے اور گزشتہ پنجاب حکومت میں شامل افراد زیادہ عرصہ جیل سے باہرنہیں رہ سکیں گے، شہباز شریف نے ایک لاکھ 10 ہزارکروڑ روپیہ خرچ کیا۔ میٹرو بس چلانے کے لیے حکومت کو سالانہ 8 ارب روپے دینا پڑتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا سیاسی مستقبل تو ہے نہیں البتہ اپنے ذاتی مستقبل کے لیے وہ دعا کریں۔ نواز شریف صاحب سے ان کی ذاتی لڑائی نہیں ہے، وہ قوم کے پیسے واپس لے آئیں تو لڑائی ختم ہو جائے گی۔

پاک بھارت تناؤ سے متعلق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے امن کی بات کی ہے لیکن بھارت میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ بھارت پاکستان کو کمزور کرکے آگے بڑھ سکتا ہے۔ نواز شریف پاناما میں پھنسے تو مودی رافیل اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں اور یہ 8 سے 10 ارب  ڈالرکا اسکینڈل ہے جس کا وہ مرکزی کردار ہیں۔ اندرونی اسکینڈلز میں پھنسا بھارت اپنی جنگ خود لڑے اور اپنے اندرونی سیاسی معاملات خود دیکھے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت پہلا اجلاس بلدیاتی نظام سے متعلق ہے کیوں کہ موجودہ بلدیاتی نظام آئین کی شرط پوری نہیں کرتا اور موجودہ اس کی بنیاد ایسی رکھی گئی کہ وزرائے اعلیٰ ڈکٹیٹر بن جائیں۔  ان کا کہنا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو تبدیل کیے بغیر معاملہ آگے نہیں بڑھے گا اور نئے بلدیاتی نظام میں منتخب نمائندہ بااختیار ہو گا۔

اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ ویلج کونسل بنائی جائے یا یونین کونسل کے سائز کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

Comments are closed.