لاہور: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں کچی آبادیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری زمینوں پر موجود کچی آبادیوں کے مکینوں کو رعایت دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، سینئروزیرعلیم خان، صوبائی وزرا اور دیگراعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیر اعلیٰ نے عمران خان کو قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن، 100 روزہ پلان میں پیش رفت اور پنجاب حکومت کے متعدد اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبے میں جاری منصوبوں، وزرا کے محکموں کی کارکردگی اور دیگرامور زیرغور آئے۔
وزیراعظم نے پنجاب میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں پر موجود کچی آبادیوں کے مکینوں کو رعایت دی جائے جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر قائم کچی آبادیوں کے بارے میں عدالتی احکامات پرعمل کیا جائے۔ پنجاب کابینہ نے استعمال شدہ ٹریکٹر درآمد کرنے کی سفارش کی تو وزیراعظم نے کسانوں کیلیے سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹر درآمد کرنے کی تجویز وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک گیر صفائی اور شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت بھر پور ساتھ دے۔ وزیراعظم کل سے ملک بھر میں صفائی مہم کا آغاز کریں گے۔ اس مہم کو ”کلین اینڈ گرین” پاکستان کا نام دیا گیا ہے جس کا آغاز ملک کے تمام بڑے شہروں سے ہوگا۔
Comments are closed.