مسلح افواج اور سروسز چیفس کی جانب سے قوم کو یومِ تکبیر پر مبارکباد، جوہری طاقت کا دن قومی عزم کی علامت قرار

راولپنڈی: یومِ تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یومِ تکبیر ہمیں اس تاریخی دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے ایک جوہری طاقت کے طور پر عالمی سطح پر اپنا وجود منوایا۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ پوری قوم کے عزم، اتحاد اور پرامن بقا کی جدوجہد کا بھی مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے، جو پاکستانی عوام کی امنگوں، قومی سلامتی اور مستقبل کے تحفظ کی ترجمان ہے۔ فوجی قیادت نے قوم کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور امن کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

واضح رہے کہ یومِ تکبیر ہر سال 28 مئی کو اس دن کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جب 1998 میں پاکستان نے چاغی کے مقام پر کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کی ساتویں نیوکلیئر پاور ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Comments are closed.