اسلام آباد میں “دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز” کا سنگِ بنیاد، 14 اگست 2026 کو افتتاح کا اعلان
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے اور پوری قوم کے لیے ایک انتہائی خوشی کا موقع ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ یونیورسٹی اپلائیڈ سائنسز کے میدان میں ایک مثالی درسگاہ بنے گی جہاں عالمی معیار کی تعلیم، بہترین اساتذہ، اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 14 اگست 2026 کو یونیورسٹی کا پہلا سیکشن فعال کر دیا جائے گا اور اس میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے صرف میرٹ کو بنیاد بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ غریب بچوں اور بچیوں کو اس یونیورسٹی میں مفت تعلیم دی جائے گی تاکہ کسی بھی باصلاحیت طالبعلم کی تعلیم غربت کی وجہ سے متاثر نہ ہو۔
تعلیم و تحقیق کے فروغ پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر تعلیم کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو سبز ہلالی پرچم اپنی بلند مقام پر نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی عمدہ تعلیمی ادارے موجود ہیں لیکن جدید سائنسز اور تحقیق کے حوالے سے ملک میں کوئی ایسی جامع درسگاہ نہیں جو عالمی سطح کی ہو۔
برطانیہ سے آنے والی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم کا استعمال
وزیراعظم نے بتایا کہ دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے جو 190 ملین پاؤنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں، یہ وہی رقم ہے جو برطانیہ سے آ کر سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی سیاسی بحث میں نہیں جانا چاہتے لیکن سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کا اس رقم سے کوئی تعلق نہیں اور یہ حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور یحییٰ آفریدی کا شکریہ
وزیراعظم نے کہا کہ وہ قاضی فائز عیسیٰ اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ رقم قومی خزانے میں منتقل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دانش یونیورسٹی کا قیام ان ہی وسائل سے ممکن بنایا جا رہا ہے تاکہ ملک کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم میسر آ سکے۔
پی کے ایل آئی کی طرز پر ادارہ
وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بھی پی کے ایل آئی (پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ) کی طرز پر بنائی جائے گی جہاں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments are closed.