فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں: وزیراعظم
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی، معیشت، انسداد دہشتگردی، اور علاقائی کشیدگی سے متعلق اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج نے ہمیشہ شاندار خدمات انجام دی ہیں، اور ہم دوست ممالک سے آئے مہمان افسران کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی موجودگی ہمارے بین الاقوامی تعلقات کی مظہر ہے۔
انہوں نے بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر عام شہریوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستان نے اس جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ ایئر فورس نے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر تاریخی کارنامہ انجام دیا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نمایاں رہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور عوام، افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اللہ نے ہمیں ایک شاندار فتح سے نوازا۔ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں امن کی خاطر سیزفائر کی پیشکش قبول کی، جو امریکا اور دیگر دوست ممالک کے ذریعے سامنے آئی۔
معاشی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے معیشت کو استحکام ملا ہے۔ بنیادی سطح پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ تک آ گئی ہے، جس سے عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی چوری کا خاتمہ کیا گیا ہے، اور جدید ٹیکنالوجی جیسے کرپٹو اور بلاک چین کو اپنایا جا رہا ہے۔ کراچی بندرگاہ پر “فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم” نافذ کیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔
انسداد دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جا رہا ہے، اور سمگلنگ پر قابو پا کر معیشت کو استحکام دیا گیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کو پاکستان کا بہترین دوست قرار دیا اور خلیجی ممالک سے قریبی تعلقات کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا عزم بلند ہے اور ہم اس ملک کو دنیا کے لیے ایک مثال بنائیں گے۔
Comments are closed.