پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ، بھارت کے جارحانہ اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی
اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کا اجلاس بلانے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ خطے میں بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اجلاس میں پاکستان باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کو بریفنگ دے گا۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں بھارت کی اشتعال انگیزی، سرحدی جارحیت، اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اشاروں پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔ بریفنگ میں جنوبی ایشیا میں امن کو لاحق خطرات اور بھارت کی حالیہ کارروائیوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ قدم پاکستان کی اس سفارتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ عالمی برادری کو خطے میں درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان کا یہ اقدام نہ صرف ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے عالمی سطح پر تشویش بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔
Comments are closed.