وزیرِ اعظم شہباز شریف کا جرگہ سے خطاب، خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

پشاور میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جرگے میں شرکت میرے لیے باعثِ عزت ہے، ہم یہاں صرف بات کرنے نہیں بلکہ آپ کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے آئے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام کو دلیر، غیرت مند اور پاکستان سے بے پناہ محبت رکھنے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے جس کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1947 کے ریفرنڈم میں خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر ثابت کیا کہ وہ اس ملک کے وفادار اور بڑے حامی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے حصے پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں خیبرپختونخوا کو 700 ارب روپے سے زائد فنڈز دیے گئے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا گیا، جس پر تمام صوبوں نے اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سانحے کے بعد ملک میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کیا گیا اور خیبرپختونخوا کے عوام نے ہر قسم کے اختلافات بھلا کر ریاست کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنا کردار ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے اور ایک نئی فورس کھڑی کی جائے گی۔ جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، فنڈز کی فراہمی جاری رہے گی۔

بھارت کے خلاف پاکستان کے دفاعی اقدامات پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے نہتے شہریوں پر حملہ کیا، جس کا جواب ایسا دیا گیا کہ بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا۔ مودی اب زخم چاٹ رہا ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے پھر سبق سکھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ جب بھی وطن نے پکارا، ہماری فوج کے جوان بچوں کو چھوڑ کر سرحدوں پر پہنچے۔ آج ہم معاشی میدان میں بھی ایک عظیم قوم کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دوست ممالک بھی بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر خوش ہیں۔ قوم کی دعائیں افواجِ پاکستان کے ساتھ تھیں اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح سے نوازا۔

Comments are closed.