خواتین کے عالمی دن پر وزیر اعظم کا خطاب: “ملکی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی ہے”

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان سے لے کر ملکی ترقی تک ہر دور میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید مواقع فراہم کیے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔

“پاکستان کی ترقی میں خواتین کا نمایاں حصہ”

وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ “ارفع کریم نے آئی ٹی کے میدان میں عالمی ریکارڈ قائم کیا، نصرت بھٹو اور کلثوم نواز نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی، اور مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ قوم کی خدمت کر رہی ہیں۔”

“تعلیم یافتہ خواتین ملک کی تقدیر بدل سکتی ہیں”

شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج رہی ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب میں، جہاں ان کے بطور وزیر اعلیٰ مختلف اقدامات سے نمایاں بہتری آئی۔ “عورت کی تربیت نسلوں کو بہتر بنا سکتی ہے، اور تعلیم یافتہ لڑکیاں ملک کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔”

انہوں نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کو بھی اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا، “میرے دور وزارت میں پنجاب کے بھٹوں میں چائلڈ لیبر ختم کی گئی، اور اسلام آباد میں ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے گئے، جن میں مزید بہتری لائی جائے گی۔”

“اچھی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے”

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ اگر کسی حکومت کا کوئی اچھا منصوبہ ہوتا ہے تو اگلی حکومت اسے ختم کر دیتی ہے۔ “اچھی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے تاکہ ملک ترقی کرے۔”

Comments are closed.