پاکستانی عوام کے دل غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں، آرمی چیف

اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں منعقدہ پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت مختلف اعلیٰ حکام اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔

جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کو نہ صرف پاکستانی عوام کے دل کی آواز قرار دیا بلکہ عالمی سطح پر جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت بھی کی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پاک فوج نے ایک بیان میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور اسرائیلی افواج کے جنگی جرائم کی شدید مذمت کی تھی۔

فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے باعث ہزاروں فلسطینی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور عالمی برادری کی طرف سے اسرائیل پر شدید دباؤ بڑھ رہا ہے۔

Comments are closed.