ابوظہبی: پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے 12ویں مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے اجلاس میں کیا گیا، جو 12 سال کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے یو اے ای ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید نے کی۔ اس اہم اجلاس کو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کے لیے ایک نمایاں پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا اسٹرکچر اور آئی ٹی سمیت مختلف اہم شعبہ جات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر تین کلیدی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی کیے گئے:
1. ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ – جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا کی شرط سے آزاد کر دیا گیا۔
2. مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون – جو دونوں ممالک کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔3. مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق – جو مستقبل میں اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دے گا۔
اسحاق ڈار نے اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، برادرانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے سفارتی، تجارتی اور اقتصادی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔
Comments are closed.