ہسپانوی وزیراعظم نے اسرائیل کے خلاف مؤقف سخت کر دیا، حماس کی تعریف، یورپ پر تنقید

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز آج ترکی کے دورے پر پہنچے جہاں اُن کی ملاقات ترک صدر رجب طیب اردوان سے ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی ریاست کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

پیڈرو سانچیز یورپ میں اسرائیل کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھانے والے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 7 اکتوبر کے بعد سے فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت شروع کی جس پر انہیں حماس کی جانب سے بھی سراہا گیا تھا۔

ترک صدر اردوان کے ساتھ ملاقات میں سانچیز نے فلسطینیوں کے حق میں عالمی حمایت بڑھانے اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسپین کے وزیر خارجہ خوسے مانوئل آلباریس نے بھی بیان دیا کہ “مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے یورپ میں اسپین سے زیادہ کوئی کام نہیں کر رہا۔” دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ سانچیز اور ان کی حکومت دہشت گردی کی حمایت کر رہی ہے۔

پیڈرو سانچیز یورپ اور عرب دنیا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں اور اردوان کے ساتھ فلسطین پر مشترکہ موقف کو بنیاد بنا کر اس مقصد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بغداد میں منعقدہ عرب لیگ کے اجلاس میں سانچیز واحد یورپی رہنما تھے جنہوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اسپین اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اسرائیل کے خلاف دو نئی قراردادیں پیش کرے گا۔

Comments are closed.