مقبوضہ کشمیر سےتوجہ ہٹانے کیلئے بھارت نےکوئی ایڈونچرکیاتوبھرپورجواب دیاجائے گا، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شمالی امریکا کی مسلم کمیونٹی سے خطاب میں کشمیریوں پر ہونیوالے بھارتی مظالم اور موجووہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے، 8 ہزار سے زائد افراد قید ہیں، مقبوضہ وادی میں کئی ہفتوں سے کرفیو نافذ ہے، بھارت نے عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی بے وقوفی سے دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔ خدشہ ہے بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کوئی قدم اٹھا سکتا ہے، لیکن واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کوئی ایڈونچر کیا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آرایس ایس کا فلسفہ گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کی وجہ بنا۔ آرایس ایس کا فاشسٹ نظریہ ہندوؤں کی برتری کا قائل ہے، آرایس ایس ہٹلر کے نازی نظریہ سے متاثر ہو کر بنائی گئی۔ آج کا بھارت فاشسٹ تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے۔ مغربی معاشرے کو آر ایس ایس کا فلسفہ سمجھنا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دنیا بھر میں اسلامو فوبیا بڑھتا جارہا ہے۔ آزادی اظہار رائے کا مطلب کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنا نہیں۔

Comments are closed.