حکمرانوں کو سمجھ جانا چاہیے ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو اب سمجھ جانا چاہیے کہ ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبور ہوں گی، وزیراعظم ٹرم پوری نہیں کر سکتے۔

جناح اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں۔ نام نہاد جمہوریت میں ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر مارشل لاء لگے گا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیے کسی کو آمریت کا موقع نہ دیں۔ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تاجر برادری سمیت ہر کوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ مسائل حل نہیں ہوں گے تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے۔ وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اعتماد پیدا کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، صوبے میں غریب کو علاج مل رہا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹرز کے ساتھ مل کر اچھی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں۔ ہم نے مل کر عوام کے مسئل حل کرنے ہیں۔

Comments are closed.