پاکستان کا قرآن پاک کی بے حرمتی پر ناروے حکومت سے شدید احتجاج، فوری کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر نارویجن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے اور ملعون لارس تھورسن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ناروے کے سفیر کو اسلام آباد میں دفترخارجہ طلب کر کے پاکستانی عوام کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے 1.3 ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہچنی، آزادی اظہار کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ نارویجین حکومت سے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتےہیں۔ دریں اثناء پاکستان نے نارویجین حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے اوسلومیں اپنے سفیر کو ہدایات جاری کردیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سے پہلے ترکی بھی واقعے کے خلاف ناروے سے سفارتی سطح پر احتجاج کرچکا ہے اور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے باور کرا چکا ہے کہ مسلمانوں کو اشتعال دلانے کے لیے ایسے گھناؤنے واقعات کا سدباب کیاجائے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں‌ مقدس کتاب کی بے حرمتی پر مسلمان سراپا احتجاج ہیں، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس ملعون کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

Comments are closed.