چیئرمین سینیٹ، اسپیکرکی ملاقات،چیف الیکشن کمشنر،اراکین کے مجوزہ نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال

الیکشن کمیشن اراکین کےناموں پراتفاق ہوگیا،چیف الیکشن کمشنرکے نام پربھی جلد اتفاق رائے ہو جائےگا، فوادچوہدری

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے مجوزہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ اراکین کمیشن کے ناموں پر اتفاق ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر کے نام بھی جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جلد فعال بنانے اور چیف الیکشن کمشنر و اراکین کی تعیناتیوں حکومت و اپوزیشن کے بعد پارلیمان کے دو بڑے بھی متحرک ہو گئے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔

 ملاقات میں سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹری سینیٹ بھی شریک تھے۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے دیے گئے ناموں پر مشاورت کی گئی جس کے بعد پارلیمان کے دونوں بڑوں نے مجوزہ نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کر دیئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیاکے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ انہیں امید ہے معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے اور الیکشن کمیشن کے سربراہ و اراکین کی تقرریوں کے حوالے سے ڈیڈ لاک جلد ختم ہو جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے بھجوائے ناموں پر غور کے حوالے سے ایک سوال پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے ہیں، پارلیمانی کمیٹی کا اس سلسلے میں اجلاس منگل کو ہوگا جس میں ان ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور وزیر اعظم عمران خان نے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے 3،3 مجوزہ نام دیے ہیں۔

وزیراعظم  عمران خان نے رکن سندھ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ صادق بھٹی، جسٹس ریٹائرڈ نورالحق قریشی اور عبدالجبار قریشی جب کہ بلوچستان کے لیے ڈاکٹر فیض محمد کاکٹر، میر نوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام تجویز کیے ہیں۔

شہباز شریف نے بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی ایڈووکیٹ، سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد رؤف عطاءاور راحیلہ درانی جب کہ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس(ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام تجویز کئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر کے نام پر بھی جلد اتفاق ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے، جن پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کا موقف ہے کہ ناصر محمود کھوسہ شریف خاندان جب کہ جلیل عباس جیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی دوست ہیں، جب کہ اخلاق احمد تارڑ بھی گزشتہ دور حکومت میں وفاقی سیکرٹری کے عہدے پر کام کر چکے ہیں۔

Comments are closed.