لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے ووٹ بیچ کر بیرون ملک چلے گئے۔ وزیراعظم عمران خان این آر او نہ دینے کی بات کرتے ہیں، این آر او تو ہو گیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان این آر او نہ دینے کی بات کرتے ہیں مگر این آر او تو ہو گیا ہے۔ میاں نوازشریف مسلم لیگ (ن) کے ووٹ بیچ کر بیرون ملک چلے گئے،انہوں نے ایک پیسہ بھی واپس نہیں کرنا۔
آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے غیر مشروط حمایت کے اعلان پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کیلئے میاں صاحب نے بہت زیادہ پھرتی دکھائی ہے۔
بھارت میں جاری احتجاج اور مسلم مخالف قانون سازی کے حوالے سے سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ بھارت میں غیرمسلم بھی مسلمانوں کا ساتھ دے رہے ہیں،جس کی ہمیں حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔بھارت میں نریندرمودی کا ہاتھ غیر مسلم روک رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت کو اس قدر شدید احتجاج کی توقع نہیں تھی، شہریت کا نیا ایکٹ مودی کو لے ڈوبے گا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کافی عرصے سے جاری ہے، بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، دنیا کو کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔
Comments are closed.