سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے، غاصب بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کردیئے جس کے بعد دو روز میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کا تازہ واقعہ جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں پیش آیا، جہاں قابض فوج اور سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی گئی، اس دوران جارحیت پسند فوج نے فائرنگ کر کے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قابض بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھی جنہیں انتہائی نازک حالت میں ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھی تلاشی و محاصرہ آپریشن کے دوران ایک مکان کو بارودی مواد کے ذریعے تبادہ کر دیا گیا تھا، بھارتی فوج نے براہ راست گولیوں کا نشانہ بناکر 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اس طرح قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں دو روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
Comments are closed.