ترک فضائیہ کی ایک اور کارروائی، ادلب میں شام کا ایک اور لڑاکا طیارہ مار گرایا

ادلب : ترکی اور شام کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، ترک فضائیہ کے لڑاکا طیارے نے شام کے علاقے ادلب میں ایک اور شامی طیارے کو مار گرایا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک فضائیہ کے لڑاکا طیارے نے شام کے ایک اور جنگی طیارے کو مار گرایا ہے، تباہ کیا جانے والا طیارہ ایل-39  تھا۔ واضح رہے کہ تین روز میں ترکی کی جانب سے شامی فضائیہ کا گرایا جانے والا یہ تیسرا طیارہ ہے دو روز قبل بھی شام کے 2 جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

ترک وزارت دفاع نے بھی شامی طیارے کو مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شامی فضائیہ کے طیارے کو پہلے وارننگ بھی دی گئی تھی جسے نظر انداز کیا گیا۔ ترک فوجیں ادلب کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کے تسلط کو ختم کرنے تک آپریشن جاری رکھے گی جن کی وجہ سے شامی پناہ گزینوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شام میں ایک فضائی کارروائی کے دوران 30 سے زائد ترک فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے جواب میں ترک حکومت نے سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیا تھا اور یکم مارچ کو شامی فضائیہ کے 2 طیاروں کو مار گرایا تھا۔

Comments are closed.