کراچی: دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں اموات کا سلسلہ جاری ہے، اس وباء کے باعث خیبرپختونخوا میں ایک جب کہ کراچی میں مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ملک میں ہونے والی اموات 14 جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 1566 تک پہنچ گئی ہے۔
سندھ کی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا فضل نے کورونا وائرس سے کراچی کے 2 مزید شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے مزید دو جانیں لے لیں، دونوں مریضوں کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے تھے انتقال کے بعد محکمہ صحت کو رپورٹس موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں مریض نمونیا کے ساتھ کورونا وائرس میں مبتلا تھے، ایک کی عمر 83 اور دوسرے کی عمر 70 سال تھی، جاں بحق افراد کا تعلق ضلع شرقی اور ضلع وسطی سے ہے جب کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث اب تک تین اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ متاثرین 502 ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں عالمی وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔پنجاب میں پانچ افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 ہو گئی ہے، اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں پر کورونا کیسز کی تعداد 116 ہوگئے۔
مجموعی طور پر ملک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 557 افراد متاثر ہیں، اس کے بعد سندھ میں 469، خیبرپختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
عالمی وباء کے باعث سب سے زیادہ لوگ پنجاب میں جاں بحق ہوئے ہیں جہاں پر اموات کی تعداد 5 ہے۔ اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 5 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 3، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں یہ تعداد ایک، ایک ہے۔
Comments are closed.