وفاقی کابینہ نے چینی اسکینڈل کمیشن کو رپورٹ کیلئے تین ہفتوں کا وقت دے دیا
مہنگائی کو قابو میں رکھنے کیلئے اشیائے ضروریہ کی برآمد پرپابندی، چھوٹا کاروبار ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کو انکوائری رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید تین ہفتوں کا وقت دے دیا، کابینہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی برآمد پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کرنے، چھوٹے کاروباری طبقے کے لیے 75 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں تیرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، ویڈیو لنک میں خرابی کے باعث متعدد وزراء کابینہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزارتوں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تھنک ٹینک قائم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بنیادی اشیائے ضروریہ کی برآمد پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔دو ہفتوں کے بعد کابینہ اشیائے ضروریہ کی برآمد پر پابندی کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چینی بحران اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی مزید وقت دینے کی درخواست منظور کر لی ہے اور کمیشن کو فارنزک انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید تین ہفتوں کا وقت دے دیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کے باعث مالی مشکلات کا شکار چھوٹے کاروباری شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 75 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی، ریلیف پیکج وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ اجلاس میں کورونا وباء سے متاثرہ صحافیوں، ہیلتھ ورکرز کی مالی معاونت جب کہ فرائض انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو شہداء کے برابر پیکج دینے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے پارکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کرتے ہوئے آفتاب حسین، عبدالہادی شاہ اور بشریٰ ناز ملک کو بورڈ میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے شائستہ بانو گیلانی کو مسابقتی کمیشن کی قائمقام چیئرپرسن مقرر کر دیا۔
Comments are closed.