راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے قومی حمایت کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتی رہے گی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا۔ انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان میں دیرپا امن کے حوالے سے بات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے اپنے خطاب میں قومی سلامتی کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر اظہار خیال کیا، ان کا کہنا تھا کہ تمام درپیش چیلنجز جامع قومی حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ریاستی اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک میں دیرپا اقتصادی، معاشی اور سماجی ترقی محفوظ ماحول سے جڑی ہے، دیرپا محفوظ ماحول دینے کے لیے پاک فوج ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی، پاک فوج ملک کے دفاع اور سیکیورٹی کے لیے قومی حمایت کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتی رہے گی۔
Comments are closed.