حج پابندی۔۔۔ حکومت پاکستان کا عازمین حج کو 2 جولائی سے رقوم واپس کرنے کا اعلان

اسلام آباد: سعودی حکومت کی جانب سے رواں برس محدود حج کی اجازت دیئے جانے کے بعد وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو حج واجبات واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے حالیہ فیصلے کے روشنی میں تمام کامیاب عازمینِ حج کو رقوم واپس کی جائیں گی، رقوم واپسی کا سلسلہ 2 جولائی سے ملک بھر کے نامزد بینکوں سے شروع ہو گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام درخواست گزاروں کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل ایس ایم ایس شروع کر دی گئی ہے،حج واجبات کی نقد واپسی کیلئے درخواستگزار کا بینک آنا ضروری ہے، واجبات بذریعہ بینکرز چیک لینے کیلئے صرف گروپ لیڈر کو تمام افراد کی اصل دستاویز کے ہمراہ بینک آنا ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام متعلقہ بینک برانچ کی بندش کی صورت میں دوسری نامزد کردہ برانچ سے رقوم کی ادائیگی ممکن ہو گی، رقوم کی واپسی میں مشکل کی صورت میں وزارت کے اکاونٹس افسر ریفنڈ 0519208465سے رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا کی عالمی وباء کے باعث رواں برس حج محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس بار صرف سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کر سکیں گے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے بیرون ممالک سے عازمین حج کو سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Comments are closed.