جاپان کے جنوبی علاقے اوکیناوا میں موجود امریکا کے درجنوں میرینز کورونا وائرس کا شکار 

مانیٹرنگ ڈیسک

خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق اوکیناوا کی انتظامیہ نے امریکی فوج سے اس حوالے سے وضاحت کرنے کا مطالبہ کر دیا۔عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ہم اتنا کہہ سکتا ہیں کہ حال ہی میں درجنوں کیسز سامنے آئے کیونکہ امریکی فوج کی جانب سے حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی، اس لیے تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

اوکیناوا کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایئراسٹیشن فوٹینما اصل مرکز ہے تاہم کیمپ ہینسن میں بھی متعدد کیسز سامنے آئے ہیں۔مقامی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ تقریباً 60 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

اوکیناوا کے گورنر ڈینی تماکی نے نیوز کانفرنس میں سوال اٹھایا کہ کیا امریکی فوجی وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات پر عمل کررہے ہیں اور مطالبہ کیا کہ حالیہ پیش رفت پر واضح کیا جائے۔

دوسری جانب امریکی میرینز کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ فورسز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے اور بیس سے باہر سرگرمیوں کو محدد کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہیں۔

جاپان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ سیکیورٹی معاہدے کے تحت اوکیناوا سمیت دوسرے بیس میں تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔جاپان میں اب رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار 129 جبکہ اموات کی تعداد 982 ہے۔

Comments are closed.