تعلیمی ادارے مرحلہ وارکھولنے کافیصلہ،پہلی سےچوتھی تک کےبچے نہ بلانے پرغور

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلی سے چوتھی جماعت کے بچوں کے لئے اسکول نہ کھولنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کی نجی سکولوں کے نمائندوں سے ملاقات  ہوئی جس میں مختلف پہلوؤں پر غور کے بعد پندرہ ستمبر کے بعد تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم اس حوالے صوبائی وزیر تعلیم نے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ  صوبے میں پہلی سے چوتھی جماعت تک کے بچوں کو سکول نہ بلانے پر غور جاری ہے جب کہ پہلے مرحلے میں پانچویں سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لئے سکول کھولنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم تمام طلبہ کو ایک دن سکول نہیں بلایا جا سکتا۔

دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے نجی سکولوں کو ایس او پیز بتاتے ہوئے 25 اگست تک بچوں کو سکول بلانے کا پلان مانگ لیا ہے، انتظامیہ کو بچوں کو ایک دن کے وقفے سے سکول بلانے کی ہدایت کی گئی ہے، نرسری سے چوتھی کلاس کے بچوں کو سکول بلانے کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

Comments are closed.