پنوعاقل میں جنونی شخص نے بیوی بچیوں سمیت گھر کے 10 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا

سندھ کی تحصیل پنوعاقل میں عورتوں اور بچیوں کے قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پر جنونی شخص نے بیوی، بچیوں، بھابھی اور بھتیجیوں سمیت گھر کے 10 افراد کو قتل کردیا، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے گاؤں محمد حسن انڈھڑ میں ایک شخص نے تیز دھار آلہ  سے اپنی بیوی مسمات رکیت، تین بیٹیوں اقراء، آسرہ، ثوبیہ، بھابھی مسمات نسیم زوجہ حبیب اللہ، بھتیجیوں مسمات حاجانی، مسمات عرشیہ سمیت گھر کے 10 افراد کو اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر میں سورہے تھے اور گھر کے دیگر افراد جب اٹھے تھے تو 10 افراد کو مردہ حالت میں پایا۔

ایک ہی خاندان کے دس افراد کے قتل کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا، علاقے کی فضاء سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 6 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے تاہم اس سے تفتیش کررہے ہیں۔

واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے اور مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے پنوعاقل اسپتال پہنچا دیا ہے جہاں پر ان کا پوسٹ مارٹم جاری ہے واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے علاقہ میں پہنچ کر جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

Comments are closed.