بھارت کا جموں وکشمیر کو خودساختہ اٹوٹ انگ قراردینے کا دعویٰ مضحکہ خیزاوربے بنیاد ہے، پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جموں و کشمیر کو خود ساختہ اٹوٹ انگ قرار دینا مضحکہ خیز قرار دے دیا،  ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ نے پاک چین وزرائے خارجہ ڈائیلاگ کے مشترکہ اعلامیہ پر بھارتی بیان مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان بلاجواز اور غیرذمہ دارانہ ہے لہٰذا بھارتی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جموں و کشمیر کو خودساختہ اٹوٹ انگ قرار دینا مضحکہ خیز ہے، بھارتی بیان سلامتی کونسل کی قراردادوں اور تاریخی و قانونی حقائق کے برخلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے مایوس کن حد تک کوششیں کر رہا ہے، بھارت کا اس ایشو پر کوئی تاریخی، قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے جب کہ بھارت کے جھوٹے دعوے حقائق نہیں جھٹلاسکتے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کیے ہوئے ہے، بھارت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے جب کہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

Comments are closed.