پاکستان کی جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدلت قتل کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ عالمی برادری نہتے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم پر بھارت سے جواب طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل اور مقبوضہ کشمیر میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی کی مذمت مذمت کرتا ہے۔ بھارتی قابض افواج خواتین اور بچوں سمیت 300 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر چکی ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ بھارتی افواج خودساختہ تلاشی و محاصرہ آپریشن کے نام پر جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کرتی ہیں۔ ماضی میں بھی ظلم و بربریت و تشدد کے ذریعہ کشمیریوں سے غیرانسانی سلوک ناکام ہوا ہے، قابض افواج ظلم و بربریت سے کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کا طویل عرصہ سے جاری محاصرہ اور مواصلاتی بلاکیڈ بشمول مرد و خواتین صحافیوں کے خلاف مہم بھارتی مظالم کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس بی جے پی حکومت کشمیریوں پر ظلم و بربریت روا رکھے ہوئے ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکتے، مودی سرکار کو کشمیریوں کوسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا، پاکستان حق خود مختاری کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

Comments are closed.