اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے امریکا اور بھارت کے انسداد دہشت گردی سے متعلق ورکنگ گروپ کے پاکستان سے متعلق مشترکہ اعلامیے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اعلامیہ میں پاکستان کا غیرضروری طور پرحوالہ دیاگیا جسے مسترد کرتے ہیں اور اپنے شدید تحفظات سے امریکا کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ شراکت دار ممالک کو چاہیے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی کے معاملات کو غیرجانبدارانہ اور معروضی انداز سے دیکھیں اور زمینی حقائق کے برعکس یکطرفہ موقف کی تائید سے اجتناب کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ عالمی برادری پوری طرح جانی ہے کہ پاکستان سرحد پار سے بھارت کی دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں، قربانیوں اور کامیابیوں کی بھی دنیا معترف ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ متعدد بار عالمی برادری کو یہ باور کرا چکے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کو دہشت گرد آر ایس ایس۔ بی جے پی کے دور حکومت کی پالیسیوں، پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے خلاف اشتعال انگیز اور متعصبانہ اقدامات سے خطرہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مودی سرکار کے اقلتیوں کے خلاف اقدامات اور غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ عالمی برادری بھارت پر علاقائی امن و استحکام کیلئے نقصان دہ اقدامات سے باز رہنے پر زور دے۔
Comments are closed.