آزادکشمیر،سیاسی اشتہارات میں آرمی چیف کی تصویراستعمال کرنے پر پابندی عائد

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کی طرف سے اشتہارات، بینرز، پوسٹرز وغیرہ پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تمام اضلا ع کی انتظامیہ کو  حکم دیا ہے کہ ایسی سیاسی جماعتوں اور افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے جو اس حکم نامے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں، الیکشن کمیشن کی آفیشل ویب سائیٹ اور فیس بک پیچ پر جاری تفصیلات کے مطابق یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذالعمل ہو گا۔پاکستان میں اس طرح کی پابندی پہلے سے عائد ہے۔

 

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے بعض سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہنما آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت عسکری قیادت کی تصاویر بینرز،پوسٹرز یا اشتہارات میں  چھپوا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں پاک فوج کی حمایت حاصل ہے۔

رواں سال چودہ اگست کو بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے آرمی چیف کی تصاویر والے بینرز آویزاں کیے تھے اور اشتہارات میں بھی اسی طرح کی تصاویر شائع کی تھیں جس کے بعد انہیں اپنی جماعت کی جانب سے بھی سخت سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔

آزاد کشمیر میں یہ پابندی ایک ایسے وقت لگائی گئی جب آئندہ سال کے وسط میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہو رہے ہیں اور ان انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران اس طرح کے بینرز آویزاں کرنا معمول کی بات ہے، لیکن اس حکمنامے کے بعد اب ایسا نہیں ہو سکے گا۔

Comments are closed.