ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے10 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: کورونا وائرس میں تشویش ناک حد تک اضافے کے باعث ملک بھر  کے تمام تعلیمی اداروں میں 26 نومبر سے 24 دسمبر آن لائن تعلیم دینے اور 25 دسمبر سے 10 جنوری 2021 تک موسم سرما کی تعطیلات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے صحت کے ہمراہ وزیر تعلیم کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 26 نومبر 2020 سے 24 دسمبر تک یونیورسٹی، کالجز اور سکولز بند رکھنے اور اس دوران آن لائن تعلیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں 25 دسمبر 2020 سے 10 جنوری 2021 تک موسم سرما کی تعطیلات دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جنوری کے پہلے ہفتےمیں وباء کی صورتحال کے جائزہ کے لئے اجلاس بلایا جائے گا اور کورونا کیسز کی صورت حال میں کمی ہونے پر 11 جنوری 2021 تک تعلیمی ادارے دوبارہ کھولے جانے کی توقع ہے۔ دسمبر میں ہونے والے امتحانات وسط جنوری تک امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیاں آن لائن تعلیم جاری رکھیں گے، یونیورسٹیوں میں صرف پی ایچ ڈی کے لیب ورک کرنے والے طالب علموں کو رکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کا تعین یونیورسٹیاں خود کریں گی، تمام تعلیمی اداروں میں ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، اس دوران صرف پہلے سے اعلان کردہ داخلہ یا ملازمت کے انٹری ٹیسٹ لیے جا سکیں گے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کاکہنا تھا کہ بورڈ کے امتحانات جو مارچ، اپریل 2021 میں ہونے تھے وہ مئی اور جون میں ہوں گے،جب کہ گرمیوں کی چھٹیاں محدود کرتے ہوئے نیا تعلیمی سال اگست میں شروع کیا جا سکے گا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیم اور صحت کے صوبائی وزراء، متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور تعلیمی اداروں میں پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت صحت کی جانب سے کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں عالمی وباء کے گزشتہ ایک ہفتے میں مثبت کیسزکی شرح82 فیصد رہی جب کہ یومیہ شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر3.3 فیصد پرپہنچ گئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے شفقت محمود نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، موجودہ تشویشناک صورتحال میں بچوں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

عالمی وباء کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک بند رکھنے اور تعلیمی اداروں میں امتحانات ملتوی کرنے کی تجویز دی جس پر صوبائی وزرائے تعلیم نے اتفاق کیا۔

Comments are closed.