کورونا کے بڑھتے وار۔۔سندھ میں کاروبار6 بجے بند کرنےسمیت مزید پابندیاں نافذ
تاجر برادری کا سندھ میں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کاروباری سرگرمیوں کے حکومتی فیصلے پرتحفظات کا اظہار
ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال پر قابو پانے کے لئے سائیں سرکار نے سندھ میں مزید پابندیاں نافذ کر دی ہیں، ہفتے میں دو دن مارکیٹس اور بازار بند رکھنے اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے صبح 6 سے شام 6 بجے تک کے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے، جس پر قابو پانے کے لئے صوبے بھر میں آج سے مزید پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں، محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کاروبارکے اوقات صبح 6 بجے سے شام 6بجے تک ہونگے، جب کہ تمام تجارتی مراکز جمعہ اور اتوار کومکمل بند رہیں گے تاہم اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے نئی پابندیاں 31 جنوری 2021 تک نافذ العمل رہیں گی، تمام سرکاری، نجی دفاتر، عوامی مقامات پر ماسک پہنا لازم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے،اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد کم اسٹاف رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سرکاری حکمنامے کے مطابق بند جگہوں پرشادی کی تقریبات پر پابندی، صرف کھلے مقامات پرشادی ہوگی، شادی میں زیادہ سے زیادہ 200 مہمانوں کو بلانے کی اجازت ہوگی جب کہ تقریب 9 بجے تک ہر صورت ختم کرنا پڑے گی، شادی تقریبات میں بوفے سروس پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے حکمنامے کے مطابق شادی و دیگر تقریبات میں کھانا بند ڈبوں میں مہمانوں میں تقسیم کرنے کی اجازت ہوگی، مزارات، انڈور سینما، تھیٹر، جم، بند رہیں گے، ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہوگی تاہم کھلے مقام پر رات 10 بجے تک ڈائننگ کی اجازت دی گئی ہے، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی سروس بھی رات دس بجے تک دی جاسکے گی۔
دوسری جانب سندھ بالخصوص کراچی کی تاجر برادری نے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے چیئرمین جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے دکان کھولنا قابل عمل نہیں، کاروبار کے لئے صبح 9سے رات 8 بجے تک کی اجازت دی جائے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے بھی اپنی اپیل میں 6 بجے دکانیں کھولنے کے فیصلے کو ناقابل عمل قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ تاجر برادری سے مشاورت کے بغیر اچانک اعلان سے تاجروں میں سراسیمگی پھیل گئی، تاجربرادری سخت حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہوکر تعاون کررہی ہے،معاشی بدحالی کے باعث پچھلے لاک ڈاؤن سے بھی بری صورتحال ہے۔
Comments are closed.