کھلاڑیوں کاغیرذمہ دارانہ رویہ، نیوزی لینڈ کی پاکستانی ٹیم واپس بھجوانے کی دھمکی

پی سی بی کا ایکشن، کھلاڑیوں کی نگرانی اور ایس او پیز پرعمل نہ کرنے والوں کی رپورٹ طلب

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے غیرذمہ دارانہ رویہ ترک نہ کیا،  قومی کھلاڑیوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر نیوزی لینڈ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سخت وارننگ کرتے ہوئے ٹیم واپس بھجوانے کی دھمکی دے دی ۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان ٹیم کو ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑی وارننگ جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں نے غیرذمہ دارانہ رویہ ترک نہ کیا اور ایس او پیز کی مزید ایک خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی ٹیم کو واپس بھجوا دیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی وارننگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پاکستانی ٹیم سے رابطہ کیا ہے اور کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے، اپنے آڈیو پیغام میں وسیم خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ حکام نے ’بائیو ببل‘ کی خلاف ورزیوں شکایت کی ہے۔

وسیم خان نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے  6 پاکستانی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے آگاہ کیا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے مشکل وقت ہے، ملک کی عزت و احترام کا خیال کریں، ،14 دن صبرکر لیں اس کے بعد آپ کو آزادی ملے گی۔

دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے غیرذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور مینجر کو کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا ہے،حکام کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے رویے نے مشکل صورتحال سے دو چار کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ملکی وقار کا خیال کریں اب کوئی بھی کھلاڑی غیر ذمہ دارانہ سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو واپس بھیج دیں، ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔

Comments are closed.