غریب کے لیے آواز اٹھا نا جرم بن گیا، صدرکشمیرجرنلسٹس فورم زاہد عباسی گرفتار

صدر کشمیر جرنلسٹ فورم اور سینئیرصحافی زاہد عباسی کو آزاد کشمیر ضلع باغ کی انتظامیہ کے حکم پر پولیس نے گرفتارکرلیا۔ ایس او پیز پر عملدر آمد میں مکمل ناکامی پر باغ انتظامیہ نے ریڑھی بانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تو موقع پر موجود زاہد عباسی کی جانب سے ان کے حق میں آواز اٹھانا جرم بن گیا۔

          انتظامی افسران نے غریب ریڑھی بانوں کا سامان کیچڑ میں گرایا تو سینئیر صحافی زاہد عباسی نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا،طاقت اور اختیارات کے نشے میں افسران نے اس فعل کو زاہد عباسی کا جرم اور اپنی شان میں گستاخی قرار دیتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا،پولیس نے واقعہ کی کوریج کرنے والے باغ پریس کلب کے نائب صدر اظہر عباسی کا کیمرہ بھی چھین لیا۔

 کشمیر جرنلسٹس فورم ، آزادکشمیر کے تمام پریس کلبز،نیشنل پریس کلب اسلام آباد ، پی ایف یو جے ، آر آئی یو جے اور پارلیمنٹ بیٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن سمیت ملک بھر کی صحافتی نے سینئیر صحافی زاہد عباسی کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہو ئے کہاہے کہ ڈپٹی کمشنر باغ اور سپریٹنڈنٹ پو لیس باغ ہوش کے ناخن لیں،زائد عباسی صاحب سے فوری معافی مانگی جائے اور انہیں رہا کیا جائے۔

صحافتی تنظیموں نے وزیراعظم آزادکشمیر راجا فارق حیدر،کمشنر پونچھ مسعود الرحمان اور ڈی  آئی جی  پونچھ ریجن سردارراشد نعیم سے بھی مطالبہ کیاہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنراور ایس پی باغ کو معطل کیاجائے ورنہ صحافتی برادری ملک بھر میں احتجاج سمیت سخت ترین اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی اور اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور حکومت وقت پر عائد ہو گی۔

دریں اثناء واقعہ پر کشمیر جرنلسٹس فورم کے سنٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کشمیری صحافتی تنظیموں کے جے ایف، اے کے این ایس اور ایڈیٹر کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام صحافتی تنظیموں نے متفقہ طور پر حکومت کو چوبیس گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دی کہ ڈپٹی کمشنر باغ کو فوری برطرف کیا جائے بصورت دیگر تمام کشمیری صحافتی تنظیمیں نیشنل پریس کلب اسلام آباد، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس سے ملکر آگے کا لائحہ عمل طے کریں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا فوری حل نہ نکالا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، آزاد کشمیر یونین آف جرنلسٹس سمیت تمام صحافتی تنظیموں نے زاہد عباسی کیساتھ پیش آنے والے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے فورم کی ہر کال پر لبیک کہنے کا اعلان کیا ہے

Comments are closed.