سینیٹ الیکشن آرڈیننس، پی ڈی ایم نے عمران خان کا پسینہ نکال دیا، بلاول بھٹو

کراچی :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پی ڈی ایم کے سینیٹ الیکشن لڑنے کے اعلان سے گھبرا گئی ہے۔اب اداروں کو متنازعہ بنا کر عمران خان کے لیے دھاندلی کرائی جارہی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت سینیٹ الیکشن کے لیے آرڈیننس لا کر سیکرٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کرنے لگی ہے، حکومت کی گھبراہٹ سب کے سامنے ہے، عمران خان پورے ملک کو بتا رہے ہیں انہیں اپنے نمبرز پر اعتماد اور بھروسہ نہیں، اس وقت عمران خان کا پسینہ نکل رہا ہے اور وہ آئین تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت جان بوجھ کر سینیٹ انتخاب سے پہلے اداروں کو متنازعہ بنا رہی ہے، اگر انہوں نے سنجیدہ آئین ترمیم کا فیصلہ کیا تھا تو اس کے لیے سنجیدہ کوشش کرتے اور سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لیتے، درست وقت پر فیصلہ کرلیا جاتا تو قانون سازی ہوجاتی، انتخابی اصلاحات کا ہم بھی حصہ بننا چاہتے ہیں، الیکٹورل ریفارمزمیں اوپن بیلٹ کوشامل کیا جا سکتا تھا۔

 بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت نے اس معاملے پر جمہوری طریقہ کار نہیں اپنایا، آئین میں ترمیم صرف پارلیمنٹ کرسکتی ہے، لیکن اسمبلی میں کسی کو اس معاملے پر بات کرنے نہیں دی گئی، سینئراراکین پر حملہ کیا گیا، سپریم کورٹ کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، آرڈینیس کابینہ سے پاس کرایا جا رہا ہے، جب کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے، اب حکومت سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔

Comments are closed.