اٹلی میں جعلی کرنسی نوٹ بنانے والے نیٹ ورک کے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے ہزاروں یوروز نقدی، ایک لاکھ 60 ہزار یورو مالیت کی منشیات، اسلحہ اور جعلی کرنسی برآمد کی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی پولیس نے ناپلوس شہر میں جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، کارروائی کے دوران جعلی کرنسی بنانے والے 4 اطالوی شہری گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سے 30 ہزار یورو نقدی، کمپیوٹر و دیگر آلات برآمد کیے گئے۔
پولیس نے ملزمان کی آماجگاہ سے دوران ایک لاکھ 60 ہزار یورو مالیت کی منشیات، اسلحہ اور بڑی تعداد میں 100 یورو کے جعلی نوٹ برآمد کئے۔یورو پول کے مطابق یہ گروہ اٹلی میں جعلی کرنسی تیار کرنے کے بعد جرمنی میں بیچتا تھا، اس کے ساتھ ساتھ یہ گروہ منشیات سمگلنگ اور ٹیکس فراڈ میں بھی ملوث ہے۔ گروہ کا مرکزی کردار منشیات سمگلنگ کے ساتھ گاڑی چوری، اور دستاویزات کی جعل سازی میں بھی ملوث پایا گیاہے۔ بیلجئیم فیڈرل پولیس اور فرانسیسی نیشنل پولیس نے بھی تحقیقات میں مدد کی، افسران نے جرمنی کے ذریعے جاری کردہ 4 لاکھ 15 ہزار کا عدالتی سیکیورٹی آرڈر بھی حاصل کرلیا ہے۔
یہ تفتیش اطالوی ڈی آئی اے پروجیکٹ او این این ای ٹی کا ایک حصہ ہے۔ یورپ میں سرگرم مافیاز، منظم جرائم پیشہ گروپوں سے نمٹنے کے لئے یورپی یونین کی مالی معاونت سے کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، اٹلی اور جرمنی میں کئی ہفتوں سے جاری کاروائی میں 800 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ 30 افراد کو گرفتار کیاگیا۔
Comments are closed.