پیپلزپارٹی پارلیمانی بورڈ کی ٹکٹوں پرمشاورت مکمل،سفارشات چئیرمین بلاول بھٹو کوارسال

 اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی ٹکٹ فائنل کرکے نام حتمی منظوری کے لیے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھجوا دئیے گئے۔ راولاکوٹ شہر اور کوٹلی شہر کے ٹکٹ کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری پر چھوڑ دیا گیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے قائم کردہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لئے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر مسز فریال تالپورکے زیر صدارت زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر،جنرل سیکریٹری آزاد کشمیر فیصل راٹھور، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت بورڈ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔

پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید حسین بخاری نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت مکمل کر کے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نامزد امیدواروں سے انٹرویو کرکے امیدواروں کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز فریال تالپور نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے جیالے بھرپور قوت کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں گے ۔ یقین ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات جیت کر جیالا وزیراعظم لائے گی اور آزاد جموں و کشمیر کا صدر بھی جیالا ہی ہوگا۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کبھی بھی آمروں کے سامنے نہیں جھکے پیپلزپارٹی کی قیادت بہادر ہے اورجیالے بھی بہادر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے منشور پر انتخابات لڑے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مودی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کشمیری عوام اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جلد بھارتی کی غلامی اور قید سے آزاد ہوں گے۔

 قبل ازیں پیپلز پارٹی کے سترہ رکنی پارلیمانی بورڈ نے فریال تالیور کی سربراہی میں آزادکشمیر بشمول مہاجرین جموں و کشمیر کے پینتالیش حلقوں کے لیے امیدواروں سے عید سے قبل انٹرویو کیے تھے ۔انٹرویوزمکمل ہونے کے بعد بیس مئی کوبورڈ کے پہلے اجلاس میں امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی غور کیا تاہم ایک امیدوار کو دو حلقوں سے ٹکٹ دینے کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ میں سخت اختلافات سامنے آئے ۔ ذرائع کے مطابق پالیمانی بورڈ کے اجلاس میں ماحول ا س وقت تلخ ہوگیا جب سردار یعقوب خان کو اپنے حلقے کیساتھ راولاکوٹ سٹی سے بھی ٹکٹ دینے کا معاملہ زیر غورآیا۔ سردار یعقوب خان کیساتھ اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر چوہدری یاسین اور نیلم سے سابق وزیر حکومت میاں عبدالوحید بھی دو حلقوں سے ٹکٹ کے امیدوار تھے ، پارلیمانی بورڈ نے دو حلقوں سے ٹکٹ کے حوالے سے غور سے قبل ان تینوں بورڈ ممبرز کو باہر جانے کا کہا تو انہوں نے اعتراض کیا تاہم انہیں اجلاس سے باہر بھیج دیاگیا۔

 اس کے بعد ایل اے 21 پونچھ 4 راولاکوٹ سٹی کے حلقے کے حوالے سے سابق صدر اور وزیر اعظم سردار یعقوب خان اور سابق وزیر ا طلاعات ونشریات سردارعابد حسین عابد کے ناموں پرغورکیاگیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں باقی رہ جانے والے 14 ممبران میں سے 12 ممبران بشمول سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری اور قمر زمان کائرہ نے سردار عابد حسین عابد کو راولاکوٹ شہر سے ٹکٹ دینے کی بھرپور حمایت کی۔ ان رہنماوں نے واضح کیا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کسی بھی امیدوار کو دو حلقوں سے ٹکٹ دینے کے سخت خلاف ہیں جبکہ سردار یعقوب خان کو ان کے اپنے آبائی حلقے ایل اے 20 پونچھ 3 سے ٹکٹ دیا جا رہا ہے تو دوسرا ٹکٹ کسی صورت ان کا حق نہیں بنتا۔سردار عابد حسین عابد چالیس سال سے پیپلز پارٹی میں ہیں اورنظریاتی رہنما ہیں ، ان کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے ۔

 اسی طرح ضلع کوٹلی کے حلقے چڑھوئی کیساتھ کوٹلی سٹی کے حلقے سے بھی چوہدری یاسین کو دوسرا ٹکٹ دینے پر غور کیا گیا تو وہاں پی ایس ایف آزادکشمیر کے بانی رکن اور پیپلز پارٹی رہنما چوہدری الیاس بھی مضبوط امیدوار تھے ، انہیں بھی نظر انداز کرنا پارلیمانی بورڈ کے لیے مشکل ہوگیا۔ ہفتے کے روز پارلیمانی بورڈ کا دوبارہ اجلاس ہوا جس میں سفارشات کو حتمی شکل دی گئی تاہم ذرائع کے مطابق دو حلقوں سے کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔

Comments are closed.