عازمین حج و عمرہ ، سیاحتی و ورک ویزہ کے لئے انسداد کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیئے جانے کے بعد حکومت پاکستان نے سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسینز کی فہرست میں چینی ویکسین کو شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
رواں برس حج سے پہلے عازمین کیلئے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی لازمی شرط کے تناظر میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے پاکستانی وزارت خارجہ اور سعودی حکومت سے رابطہ کیا اور عازمین حج کے لئے ویکسین لازمی قرار دینے کے حوالے سے بات چیت کی۔
وزیرمذہبی امور کا کہنا ہے کہ وباء سے بچاؤ کے لئے پاکستانی عوام کو دوست ملک چین سے ملنے والی ویکسین لگائی جا رہی ہے، موجودہ حالات میں ڈاکٹرز ایک ہی قسم کی ویکسین لگوانے کی ہدایت کر رہے ہیں، ایک شخص کو دو مختلف اقسام/ کمپنیوں کی ویکسین لگانے کی اجازت نہیں، اس لئے سعودی حکومت چینی ویکسین کو عازمین حج کے لئے موزوں قرار دی جانے والی ویکسین کی فہرست میں شامل کرے۔
وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے چین کی ویکسین کو وباء کے خلاف موثر قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال کی اجازت دے دی ہے، اس لئے سعودی عرب بھی چین کی ویکسین کو تسلیم کرے اور یہ ویکسین لگوانے والوں کو حج کی اجازت دی جائے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کے سیاحتی، حج و عمرہ کے ویزے کیلئے ویکسین لازمی قرار دیئے جانے کا معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ پاکستان نے تجویز دی ہے کہ سعودی اداروں کی جانب سے منظور شدہ ویکسینز میں چینی ویکسین کو بھی شامل کیا جائے، ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے وزارت خارجہ سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
Comments are closed.