کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں،عمران خان سے کہوں گا ٹھنڈا کرکے کھائیں، چوہدری نثار

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ وہ کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں، عمران کو بطور دوست مشورہ دیا کہ ٹھنڈا کرکے کھائیں، قوم کو تقسیم نہیں متحد کرنے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سابقہ عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی سے 34 ہزار کی لیڈ سے منتخب ہوا،قومی اسمبلی کی نشست پر دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا، اُس وقت حلف لینے کا مطلب دھاندلی زدہ الیکشنز کو قبول کرنے کے مترادف تھا، اس لئے حلف نہیں لیا۔

 چوہدری نثارعلی خان نےکہا کہ اب حلف اٹھانے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ حکومت خودساختہ آرڈیننس لارہی ہے، حلف نہ اٹھانے پر نااہلی اور ضمنی الیکشن سے بچنے کیلئے حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ ایک ہفتے پہلے پنجاب اسمبلی اورالیکشن کمیشن کو کاپی بھیج دی تھی، آج کہا گیا اسپیکر،ڈپٹی اسپیکرکے بغیرحلف نہیں لیا جاسکتا جو کہ بالکل غلط موقف ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئےچوہدری نثار علی خان نے کہا کہ عین ممکن ہے کل یا پرسوں عدالت چلے جائیں، آئین کے تحت چیئرمین پینل کے ذریعے اسمبلی کا حلف اٹھایا جاسکتا ہے، دو دن بعد بتاؤں گا کون حلف نہیں لینے دے رہا، پھرسوالوں کا جواب دے سکوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی کھیل کا حصہ نہیں، شہبازشریف سے ملاقات کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں، عمران خان کے اس وقت بہت سارے دوست ان کومشورے کی ضرورت نہیں، پھر بھی عمران کو کہوں گا ٹھنڈا کرکے کھائیں،قوم کوتقسیم نہیں متحد کرنے کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.