بین الصوبائی وزراء تعلیم کمیٹی کا اجلاس،امتحانات 20 جون کے بعدشروع کرنے کا فیصلہ

  اسلام آباد:وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ امتحانات بیس جون کے بعدشروع کیے جائیں گے ۔ رواں سال کسی کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائےگا۔گرمیوں کی چھٹیاں بھی محدود ہوں گی ۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر وگلگت بلتستان کے وزراء تعلیم ، متعلقہ سیکرٹریز سمیت اعلی ٰ حکام نے شرکت کی۔کمیٹی نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام ممکنہ آپشنز کا تفصیلی جائزہ لیکر فیصلہ کیا کہ تمام کلاسز کے امتحانات 20 جون کے بعد شروع ہوں گے تاہم تاریخ کا اعلان صوبے خود کریں گے۔ پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتخانات ہوں گے ۔ رزلٹ لیٹ ہونے کی صورت میں جامعات پرو ویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی ۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہاکہ ایس او پیز کے تحت امتحانات ہر صورت لیے جائیں گے ، تمام صوبے اساتذہ، نگراں عملے اور دیگر ا سٹاف کی بروقت ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نہ ہونے والے افراد امتحانات میں نگران مقرر نہیں ہوں گے ۔ موسم گرما تعطیلات بھی رواں سال کم ہوں گی جس کا فیصلہ صوبے کریں گے۔بین الصوبائی وزرا تعلیم کمیٹی میں نیشنل ایجوکیشن ایسسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کیساتھ شیئر کرتے ہوئے اصولی منظوری دے دی گئی۔

Comments are closed.