مشہور اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے پریس کانفرنس کے دوران اشک بار آنکھوں سے بارسلونا کلب چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بہت سے خیالات ذہن میں آرہے تھے کہ کلب چھوڑنے کے بارے میں کیا کہنا چاہیے تاہم سچ یہ ہے کہ میرے پاس بولنے کے لیے کچھ نہیں۔انھوں نے کہاکہ میں نے بارسا کلب میں کھیلنے کےلئے اپنے کانٹریکٹ کے آدھے پیسے چھوڑنے کی پیشکش بھی کی تاہم کانٹریکٹ فائنل نہیں ہوسکا۔
میسی نے کہا کہ اتنے سالوں کے بعد یہ فیصلہ میرے لیے انتہائی مشکل ہے، میری ساری زندگی بارسلونا کلب کے ساتھ گزری، ایمانداری کی بات یہ ہے کہ میں اس فیصلہ کے لیے تیار نہیں تھا تاہم اب مجھے خدا حافظ کہنا پڑرہا ہے، بارسلونا میرا گھر تھا اور ہمیشہ رہے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران 34 سالہ لیونل میسی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور پھوٹ پھوٹ کر روتے دکھائی دیے تاہم پریس کانفرنس میں موجود تمام شرکا نے فٹبالر کو تالیاں بجاکر خراج تحسین پیش کیا۔
Comments are closed.