اسلام آباد:نو منتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری پھر کھٹائی میں پڑ گئی ،چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو لینے کےلیے لاہور سے اسلام آباد بھیجا گیا طیارہ واپس خالی لوٹ آیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے نئے وزیراعلی حمزہ شہباز نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھانا ہے اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے حلف لینا ہے۔ گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلی پنجاب سے حلف لینے کے لئے صدر مملکت عارف علوی کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام کا مشورہ دیا تھا۔ حلف کے معاملے پر صدرمملکت آئینی طورپروزیراعظم سے ایڈوائس لینے کے پابند ہیں۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے وزیراعلی سے حلف لینے سے معذرت کے بعد عدالتی حکم پروزیراعظم شہبازشریف نے صدر عارف علوی کو ایڈوائس دی ہے۔لاہورہائیکورٹ نے نئے وزیراعلی پنجاب سے حلف لینے کے لئے کسی کو نمائندہ مقررکرنے کا حکم دیا تھا۔ادھر اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلی پنجاب حلف لینے کے معاملہ پر بھی مشاورت ہوئی۔
Comments are closed.