پی ٹی آئی کا عدلیہ کی آزادی اور آزادی صحافت کے دن منانے کا اعلان

عدلیہ کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے، پیر کو عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے، فواد چودھری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عدلیہ کی آزادی اور آزادی صحافت کے دن منانے کا اعلان کردیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہو رہی ہے، پیر کو عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے۔

فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ صحافیوں پر پاکستان کی زمین تنگ کردی گئی ہے، ہم پورے پاکستان میں آزادی صحافت کا دن منائیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منعقدہ اجلاس میں متفقہ طور پر شہباز گل کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی گئی، شہباز گل پر تشدد کیا گیا جو بالکل غلط ہے، شہباز گل کا ریمانڈ اس لیے مانگا جا رہا ہے کہ اسے ٹارچر کیا جا سکے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمن، نواز شریف، ایاز صادق اور خواجہ آصف کس کس کا نام لیں؟ ان کی گفتگو اس سے زیادہ تھی۔

پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر داخلہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ رانا ثنااللہ کمپنی نے نہتے بچوں اور خواتین پر تشدد کی نئی روایت ڈالی ہے۔ پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عاشور کے دن گفتگو لینڈ لائن پر ہوئی تھی سب کو پتا ہے، عمران خان نے عالمی سطح پر اس معاملے کو اٹھانے کا کہا ہے۔

Comments are closed.