پاکستان کا سفرامن، سلامتی اورخوشحالی کے لیے ہے، مسعود خان

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم کے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا سفر امن، سلامتی اور خوشحالی کا سفر ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے قیام کے بعد سے ایک طویل اور مشکل جدوجہد کی ہے۔ ہم پرعزم اور مضبوط قوم ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ ہم اپنے روشن مستقبل کی طرف اپنی  پیش قدمی جاری رکھیں گے۔

سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر غیر ملکی مہمانوں، سفراء، سفارت کاروں، امریکی حکومت کے حکام، غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے  رہنماؤں پر مشتمل ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیرپاکستان  مسعود خان نے بانیانِ پاکستان ایک علیحدہ  ریاست کے حصول کے لئے کی جانے والی بے مثال تگ و دو پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور حصول پاکستان کو معجزہ قرار دیا۔

مسعود خان نے کہا کہ آج کے اس موقع پر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ایک دن وہ بھی حق خود ارادیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ ہمارے دل ان کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونے پر سفیر پاکستان نے امریکی حکومت اور امریکہ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات مضبوط ہیں اور یہ باہمی اور دوستی کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارے تعلقات ہماری عوام کے لیے ایک پائیدار میراث ہے۔ ہم اس کی قدر کرتے ہیں، اور ہم اس کو مزید پروان چڑھائیں گے۔

امریکی دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیفنا رینڈ نے امریکی وزیر خارجہ کی نمائندگی کرتے ہوئے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج یہاں اپنے تعلقات اور اپنی دوستی کی طویل تاریخ کا جشن منانے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی اور ہمارے تعلقات کی وسعت آج اس موقع پر نظر آ رہی ہے۔

Comments are closed.