راولپنڈی :ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی طرف سے مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا جس میں اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پیر کو جماعت اسلامی کے رہنما زاہد کیانی ایڈووکیٹ کی قیادت میں راولپنڈی کی یونین کونسل نمبر اکیس میں بھی بڑھتی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ علاقے میں شٹر ڈائون بھی رہا۔
اس موقع پر زاہد کیانی ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور بجلی کے بے لگام بلوں پر عوام کو ریلیف دے اور سستی بجلی فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا بڑھتی مہنگائی نے سفید پوش طبقے کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا اس مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے اور وہ فاقے کرنے پر مجبور ہے۔
زاہد کیانی ایڈووکیٹ نے کہا ملک کے عوام اس وقت شدید مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ مراعات یافتہ طبقے کو اپنی مراعات میں اضافہ کروانے سے ہی فرصت نہیں ملتی۔ کیا غریب اور سفید پوش طبقہ اپنا پیٹ کاٹ کر ان طبقات کے لئے ٹیکس ادا کررہا ہے؟ انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بڑھتی مہنگائی کو روکنے کے اقدامات کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
Comments are closed.